قومی نیٹ بال چیمپئن شپ کی تیاری کیلئے واپڈا خواتین ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری
اسلام آباد (اے پی پی) قومی نیٹ بال چیمپئن شپ کی تیاری کیلئے پاکستان واپڈا کی خواتین ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری ہے۔ پاکستان واپڈا کی خواتین ٹیم کی ہیڈ کوچ ام لیلیٰ کلثوم رانا نے بتایاکہ قومی نیٹ بال چیمپئن شپ27 فروری سے اسلام آباد میں شروع ہو گی اور ایونٹ کی تیاری کیلئے پاکستان واپڈا کی خواتین ٹیم کی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے اور تربیتی کیمپ میں 23 خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں جن میں شمائلہ ستار، سحرش نواز، عاصمہ اکرم، عاصمہ رفیق، فاطمہ انصاری، بسمہ افضل، فرزانہ بتول، سعدیہ بلوچ، حمیزہ ریاض، آمنہ شہزادی، محمودہ شہزادی، پروین اختر، معافیہ غلام، نگت کوثر، رمشا، نوازش، سحرش، غزالہ، صدف راؤ، نسیم اختر، سونیا شاہ، روزینہ اور بشری بٹ شامل ہیں۔
چیمپئن شپ 27 فروری سے 2 مارچ تک پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جائے گی جس میں ملک بھر سے 16 مرد اور خواتین کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان ریلوے، پاکستان ائیرفورس، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، پاکستان انٹر بورڈ، ہائرایجوکیشن کمیشن، لاہور گرائمز سکول، فاٹا، لمز، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان آرمی کی ٹیمیں مرد اور خواتین ٹائٹل کا دفاع کریں گی۔