پاکستان اور بنگلہ دیش کا پہلا ٹی 20میچ کل، قیادت بابر اعظم کرینگے

        پاکستان اور بنگلہ دیش کا پہلا ٹی 20میچ کل، قیادت بابر اعظم کرینگے

  



اسلام آباد(آن لائن)پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل جمعہ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کرینگے جبکہ بنگلہ دیشی ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت 33 سالہ محمود اللہ کرینگے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے پہلے ہی بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر رکھا ہے، نومبر میں دورہ آسٹریلیا کیلئے روانہ ہونے والی16 رکنی قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں 7 تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس کے مطابق تجربہ کار شعیب ملک، محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، فخر زمان، آصف علی،حارث سہیل،امام الحق، وہاب ریاض، محمد عامر اور محمد عرفان کو ڈراپ کردیا گیا ہے، بابر اعظم ٹیم کے کپتان ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احسان علی، عماد بٹ، حارث رف، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک اورعثمان قادر شامل ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 25 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 27 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم لاہور میں موجود ہے جہاں وہ سیریز کیلئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین شیڈول تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کیلئے رنجن مدوگالے کو میچ ریفری مقرر کیا ہے۔ احسن رضا اور شوزب رضا امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ احمد شہاب کو تھرڈ اور طارق رشید کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی