صوبائی وزیر کھیل کانیشنل ہاکی سٹیڈیم میں عارضی ہسپتال کا معائنہ

  صوبائی وزیر کھیل کانیشنل ہاکی سٹیڈیم میں عارضی ہسپتال کا معائنہ

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر)صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سی سی ٹی وی کنٹرول روم اور سپورٹس بورڈ پنجاب، جنرل ہسپتال کے باہمی تعاون سے پاک بنگلہ دیش ٹی 20کرکٹ سیریز کے لئے قائم کئے گئے 20بستروں پر مشتمل عارضی ہسپتال کا معائنہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے گزشتہ برسوں میں ملک میں دہشت گردی کی لہر کی وجہ سے غیرملکی ٹیمیں پاکستان آنے سے انکار کرتی رہیں، اب اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی کاوشوں سے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے جس کی وجہ سے غیر ملکی ٹیمیں تسلسل کے ساتھ پاکستان آرہی ہیں، حال ہی میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں کھیل کر گئی ہے، اب بنگلہ دیش کی ٹیم آرہی ہے اس کے بعد پی ایس ایل شروع ہوگی اور اس کے ساتھ ہی کبڈی ورلڈ کپ بھی شروع ہورہا ہے جس میں بھارت سمیت 10ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

مہمان ٹیموں کی بھرپور مہمان نوازی کریں گے اور ان کو مکمل سیکیورٹی بھی دیں گے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ سیکیورٹی کی وجہ سے لاہور کے شہریوں کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کا بھی حل تلاش کرلیا گیا ہے، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ایک فائیو سٹار ہوٹل بنا رہے ہیں جو بھی انٹرنیشنل ٹیم آئے گی وہ یہاں پر قیام کرے گی، ان کی پریکٹس کا بھی انتظام نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں کیا جائے گا۔ جس سے راستوں کی بندش کا سلسلہ بھی ختم ہوجائے گا۔ سی سی ٹی کنٹرول روم کے معائنے کے دوران سپورٹس بورڈ پنجاب کے عملے نے صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں 150سی سی ٹی وی کیمرے آپریشنل کردیئے گئے ہیں جس کی مدد سے ہر شخص کی نگرانی کی جائے گی، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کا کونہ کونہ سی سی ٹی وی کی نظر میں ہوگا۔ پاک بنگلہ دیش ٹی 20 کرکٹ سیریز کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تمام اداروں سے مکمل رابطہ ہوگا۔جنرل ہسپتال کے عملے نے صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی کو بتایا کہ عارضی ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر طبی امداد فراہم کریں گے، عارضی ہستپال میں ای سی جی مشین اور دیگر ٹیسٹ کی مشینیں بھی نصب کی گئی ہیں۔صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ کرکٹ عوام کا پسندیدہ کھیل ہے، شائقین کرکٹ کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی