موبائل ری چارج کارڈ مانگنے پر شوہر نے بیوی کی جان لے لی

موبائل ری چارج کارڈ مانگنے پر شوہر نے بیوی کی جان لے لی
موبائل ری چارج کارڈ مانگنے پر شوہر نے بیوی کی جان لے لی

  



دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں ایک شخص نے موبائل فون کا ری چارج کارڈ مانگنے پر اپنی بیوی کی جان لے لی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق 49سالہ خاتون اپنی فیملی کے ساتھ بات کرنا چاہتی تھی چنانچہ اس نے اپنے 58سالہ شوہر سے ری چارج کارڈ لا کر دینے کو کہا جس پر اس نے ڈنڈا اٹھا کر اسے سرمیں دے مارا۔ گہری چوٹ لگنے سے خاتون بے ہوش ہوگئی۔ اسے فوری طور پر ہسپتال لیجایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے عجمان کریمنل کورٹ میں پیش کر دیا ہے جہاں ملزم نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ ”میں نماز پڑھ رہا تھا جب میری بیوی نے اصرار کرنا شروع کر دیا کہ اسے ابھی کارڈ لا کر دوں۔ اس پر مجھے غصہ آ گیا اور میں نے اسے ڈنڈا مار دیا۔ میری نیت اسے قتل کرنے کی ہرگز نہ تھی۔ ڈنڈا لگنے کے بعد وہ صوفے پر ٹیک لگا کر خاموش بیٹھ گئی اور میں باہر کارڈ لینے چلا گیا۔ جب میں واپس آیا تو وہ اسی حالت میں بیٹھی تھی۔ جب میرے آواز دینے پر اس نے کوئی جواب نہ دیا تو میں نے اسے پکڑ کر ہلایا جس سے وہ صوفے پر گر گئی۔ یہ دیکھ کر میں نے ایمبولینس بلائی اور اسے ہسپتال لے گیا لیکن تب تک اس کی موت ہو چکی تھی۔“ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا کہ خاتون کے سر میں چوٹ لگنے سے اندر کی طرف خون بہا جو اس کے دماغ میں چلا گیااور اس کی موت واقع ہو گئی۔عدالت میں مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔

مزید : عرب دنیا