’آصف غفور نے مجھ پر ایم آئی ایبٹ آباد کے ذریعے حملہ کرایا‘ مفتی کفایت اللہ نے بڑا الزام لگادیا

’آصف غفور نے مجھ پر ایم آئی ایبٹ آباد کے ذریعے حملہ کرایا‘ مفتی کفایت اللہ ...
’آصف غفور نے مجھ پر ایم آئی ایبٹ آباد کے ذریعے حملہ کرایا‘ مفتی کفایت اللہ نے بڑا الزام لگادیا

  



مانسہرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) جمعیت علماءاسلام کے رہنما مفتی کفایت اللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان پر قاتلانہ حملہ سابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کرایا تھا۔ خیال رہے کہ میجر جنرل آصف غفور کی آئی ایس پی آر سے جی اوسی اوکاڑہ کے طور پر پوسٹنگ ہوچکی ہے۔

ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں مفتی کفایت اللہ نے دعویٰ کیا کہ ان پر قاتلانہ حملہ اس وقت کے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کرایا تھا۔ ’انہوں نے حملہ اس لیے کرایا کیونکہ میں نے کئی بار ان کا سامنا کیا، سامنا سے مراد یہ نہیں کہ وہ میرے سامنے بیٹھے ہوتے تھے، آصف غفور کی پریس کانفرنس کے بعد رات کو ٹی وی ٹاک شو میں اینکر پوچھتا تھا کہ اس بات کا کیا جواب ہے؟ میں اس کا مدلل انداز میں جواب دیتا تھا اور سامنے والے کو خاموش کرادیتا تھا،آخر وہ بھی انسان ہیں اور انسان تنگ ہوہی جاتا ہے، اس لیے انہوں نے ایم آئی ایبٹ آباد والوں سے کہا کہ ذرا مفتی صاحب کی خبر لینا، انہوں نے پھر راستے میں روک کر رات کو مجھے مارا۔‘

انہوں نے کہا کہ اس حملے کے بعد ان کی رائے تبدیل نہیں ہوئی، ان کی رائے پاک فوج کے خلاف نہیں ہوتی بلکہ فوج میں موجود دین بیزار لوگوں کے خلاف ہوتی ہے،وہ فوج میں ان طالع آزما لوگوں کے خلاف ہوں جو مارشل لگاتے ہیں اور میرے آئین کو روند دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ 26 اور 27 نومبر 2019 کی درمیانی شب جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ پر مانسہرہ انٹرچینج کے قریب قاتلانہ حملہ ہوا تھا۔مفتی کفایت اللہ اور ان کے صاحبزادے پر حملہ کیا گیا، چند نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر دھاوا بولا اور کوئی گفتگو کئے بغیر دونوں پر بدترین تشدد کیا اور فرار ہو گئے،حملے کے نتیجے میں مفتی کفایت اللہ کا ایک ہاتھ فریکچر ہوا اور جسم پر چوٹیں آئی تھیں۔

مزید : Breaking News /سیاست /علاقائی /خیبرپختون خواہ /مانسہرہ