”میں نے آج تک ایسی مہمان نوازی نہیں دیکھی اور۔۔۔“ بنگلہ دیشی کپتان نے پاکستان نہ آنے والے ساتھی کھلاڑیوں کو آئینہ دکھا دیا، پاکستانیوں کے دل خوش کر دئیے

”میں نے آج تک ایسی مہمان نوازی نہیں دیکھی اور۔۔۔“ بنگلہ دیشی کپتان نے ...
”میں نے آج تک ایسی مہمان نوازی نہیں دیکھی اور۔۔۔“ بنگلہ دیشی کپتان نے پاکستان نہ آنے والے ساتھی کھلاڑیوں کو آئینہ دکھا دیا، پاکستانیوں کے دل خوش کر دئیے

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے کہا ہے کہ میں پاکستان آنے پر بہت زیادہ خوش ہوں اور سیکیورٹی کے بارے میں بالکل نہیں سوچ رہا، میں نے آج تک ایسی مہمان نوازی نہیں دیکھی، تمام تر خدشات پیچھے چھوڑ کر ہی یہاں آیا ہوں اور اچھی سیریز کیلئے پرامید ہوں۔

تفصیلات کے مطابق محمود اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ”سیکیورٹی کے بارے میں ہمارے کوئی خدشات نہیں ہیں کیونکہ ہم یہ سب کچھ پیچھے چھوڑ آئے ہیں۔ پاکستان میں دوبارہ آ کر بہت ہی زبردست لگ رہا ہے اور ہم پاکستان کیخلاف اچھی سیریز کھیلنے کیلئے پرامید ہیں۔“

بنگلہ دیشی کپتان نے کہا کہ ”ہم نے اس سے پہلے کبھی اس طرح کی مہمان نوازی نہیں دیکھی اور میں ان لمحات سے بہت زیادہ لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ سیکیورٹی کی بات کریں تو پاکستان ہمیں بہترین سیکیورٹی فراہم کر رہا ہے، لہٰذا میں پاکستان کی جانب سے کئے گئے تمام تر انتظامات پر بہت زیادہ خوش ہوں۔“

ان کا کہنا تھا ”فی الحال ریٹنگ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور ہم اس بارے میں بالکل بھی نہیں سوچ رہے ، ہماری کارکردگی میں بہتری آئی ہے تاہم یہ بھی جانتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم بہت ہی مضبوط ہے، لہٰذا امید کرتے ہیں کہ ٹی 20 سیریز میں اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔“

محمود اللہ نے کہا ”ہماری ٹیم میں ایسے بہترین نوجوان کھلاڑی موجود ہیں جنہوں نے ناصرف ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز بنائے بلکہ بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) کے حالیہ سیزن میں بھی کارکردگی دکھائی ، تجربے کی بات کریں تو سومیا سرکار، تمیم اقبال، مستفیض الرحمان، روبیل حسین جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔“

مزید : کھیل