”ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہے کیونکہ۔۔۔“ بنگلہ دیشی ٹیم کے سینئر کھلاڑی محمد میتھون بھی چپ نہ رہ سکے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کرکٹ ٹیم کیخلاف تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان پہنچ چکی ہے جو جمعہ کے روز پہلے میچ میں قومی ٹیم کے مدمقابل ہو گی۔
بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان محمود اللہ تو پاکستان میں ملنے والی میزبانی اور سیکیورٹی کی تعریف تو کر ہی چکے ہیں مگر اب سینئر کھلاڑی محمد میتھون نے بھی خاموشی توڑ دی ہے جن کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے بالکل بھی پریشان نہیں ہیں کیونکہ وہ اس کے بارے میں جتنا بھی سوچیں گے، پریشانی میں اضافہ ہی ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے بارے میں سوچنا قطعی طور پر درست نہیں ہے، ہم یہاں کھیلنے کیلئے آئے ہیں اس لئے ہماری تمام تر توجہ سیریز پر ہے اور امید ہے کہ ہم اچھے نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔