پاکستان چین کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،کشمیر کے سلسلے میں چین کی حمایت پر شکر گذار ہیں: راجہ ظفرالحق
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اورسینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق سے چین کے سفیر یاؤجنگ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک گھنٹہ ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کشمیر کے سلسلے میں چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے متعددمرتبہ اس مسئلے کو اٹھانے اور زیر بحث لانے کی تعریف کی۔ راجہ محمد ظفرالحق نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں چین کی جانب سے تعاون اور حمایت پر بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین ایک قابل اعتماد ساتھی ہے۔راجہ ظفر الحق نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی دونوں ملکوں کے مابین تعاون مزید مستحکم ہوگا۔