پہلا ٹیسٹ، سری لنکا نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

پہلا ٹیسٹ، سری لنکا نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری ...
پہلا ٹیسٹ، سری لنکا نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ہرارے (ڈیلی پاکستان آن لائن) سری لنکا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے، مہمان ٹیم نے 13 رنز کا آسان ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا جبکہ اینجلو میتھیوز کو عمدہ کارکردگی دکھانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلی اننگز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنائے۔ کریگ ایروین نے 85 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ دیگر بلے بازوں میں پرنس ماسواﺅرے 55، کیوین کاسوزا 63، سکندر رضا 41 اور ڈونلڈ تریپانو 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے لاستھ ایمبولڈینیا سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سورنگا کمل نے 3 اور لاہیرو کمارا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکن ٹیم نے پہلی اننگز میں اینجلو میتھیوز کی عمدہ ڈبل سنچری کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان 515 رنز بنا کر زمبابوے کیخلاف 157 رنز کی برتری حاصل کی۔ اینجلو میتھیوز نے عمدہ بلے بازی کتے ہوئے 468 گیندوں پر 3 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 200 رنز بنائے جبکہ دھنانجیا دی سلوا اور نیروشن ڈیکویلا نے 63,63 رنز کی اننگز کھیلی۔
زمبابوے کی جانب سے وکٹر این یاﺅچھی اور سکندر رضا نے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سین ولیمز نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور ڈونلڈ تریپانو نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔
زمبابوین بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں سری لنکن باﺅلرز کا مقابلہ نہ کر سکی اور 170 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، یوں اس نے سری لنکا کی پہلی اننگز کے 157 رنز کے خسارے کو تو پورا کر لیا مگر سری لنکا کو جیت کیلئے محض 13 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہو سکی جو سری لنکن ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔

مزید :

کھیل -