شیلٹر ہوم سے 7لڑکیوں کی برآمدگی، ایدھی فاﺅنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا موقف سامنے آگیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایدھی فاﺅنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ شیلٹر ہوم سے مجسٹریٹ نے جن لڑکیوں کو بازیاب کرایا ہے وہ دراصل وہاں رہنا نہیں چاہتی تھیں۔خیال رہے کہ کراچی میں ساﺅتھ زون پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے ہمراہ شیلٹرہوم پر چھاپہ مار کر 7 بچیوں کو بازیاب کرایا تھا۔ شیلٹر ہوم میں بچیوں پر تشدد کے حوالے سے ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر تھی۔
اپنے ایک بیان میں فیصل ایدھی نے کہا کہ شیلٹر ہوم میں 150 کے قریب لڑکیاں ہیں جن میں سے صرف 7 نے کہا کہ انہیں یہاں نہیں رہنا ،مجسٹریٹ کے ساتھ وہ لڑکیاں گئیں جو رہنا نہیں چاہتی تھیں۔
انہوں نے شیلٹر ہوم میں بچی کی ہلاکت کے حوالے سے کہا کہ تین سال قبل ایدھی شیلٹر ہوم میں یہ افسوس ناک واقعہ ہواتھا ، لڑکیوں کی آپس میں لڑائی ہوئی تھی لیکن جاں بحق ہونے والی بچی قیصرہ کی موت کی وجہ لڑائی نہیں تھی، وہ بیمار تھی اور اسی وجی سے چڑ چڑی ہوگئی تھی، اس کا علاج مختلف ڈاکٹرز سے چلتا رہا ہے۔