پاکستان نے سی پیک کے معاملے پرامریکہ کو واضح جواب دے دیا ،پاک چین دوستی کی ایک اور مثال قائم کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان نے سی پیک کے حوالے سے امریکی موقف کو رد کرتے ہوئے اس منصوبے کو جاری رکھنے کا پیغام دے دیا۔وزارتِ منصوبہ بندی و ترقیات نے امریکی قائم مقام نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کے سماجی و اقتصادی فوائد حاصل ہونا شروع ہوگئے ہیں، سی پیک کے پہلے مرحلے میں ہی سماجی و اقتصادی طور پر کافی ریلیف اور ٹھوس فوائد ملنا شروع ہوگئے ہیں۔
وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک خطہ ایک سڑک کے وسیع منصوبے کی چھتری تلے سی پیک منصوبہ ایک اچھا اقدام ہے جس میں پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے بڑے ترقیاتی منصوبے بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی وجہ سے ملک میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی جو کہ ملک کی معاشی ترقی اور لوگوں کے لیے خوشحالی کا باعث بننے گا۔پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے جسے باہمی مفادات کی بنیاد پر دنیا بھر سے اقتصادی شراکت داروں کو منتخب کرنے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ پروجیکٹس کو پاکستانی قوانین اور قواعد و ضوابط کے تحت پرکھا جاتا ہے جس میں شفافیت اولین ترجیح ہوتی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کسی بھی منصوبے کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام مالی مضمرات کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے اور قرضوں سے متعلق پاکستان کی حکمت عملی کی عالمی مالیاتی اداروں نے بھی توثیق کی ہے۔