براڈ شیٹ سکینڈل، عوام حکومتی انکوائری کمیٹی سے مطمئن نہیں،تحقیقات سپریم کورٹ سے کرائی جائے؛ سرا ج الحق
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے حکومت نے الیکٹرسٹی ٹیرف میں 15فیصد اضافہ کر کے کروڑوں صارفین کے گھروں پر بجلی گرا دی، بے حس حکمرا نو ں نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے احکامات پر سرتسلیم خم کیا۔ ملک میں بجلی، گیس اور پیٹرول نایاب چیزیں بن گئیں، بجلی گھروں میں آتی نہیں قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کے ذہنو ں پر گرا دی جاتی ہے۔ کراچی کی روشنیوں کو واپس لانے کے دعویداروں نے شہری مسائل میں مزید اضافہ کیا۔ چوکوں چوراہوں میں کچرے کے ڈھیر لگے ہیں۔ لاکھوں لوگوں کو پینے کا پانی تک میسر نہیں۔ پورٹ سٹی کیلئے ڈویلپمنٹ پیکیج کا 11سو ارب صرف لفظی جادوگری تک محدود رہا۔ حکمران داخلی و خارجی محاذوں پر ناکام ہو گئے، عوام کو جھوٹے وعدو ں اور دعوؤں پر ٹرخایا جا رہا ہے۔ براڈشیٹ سکینڈل کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹی پر عوام مطمئن نہیں، سپریم کورٹ تحقیقات کروائے۔ پی ٹی آئی کی حکومت اور پی ڈی ایم کی سیاست کے ایجنڈے میں اسلامی نظام کا قیام شامل نہیں ہے ملک میں حکومتیں تو تبدیل ہوتی رہیں لیکن عوام کی حالت نہیں بدلی، عوام کیخلاف ظالم و کرپٹ اشرافیہ، جاگیرداروں اور وڈیرو ں نے گٹھ جوڑ کر رکھا ہے ان کی اپنی جیبیں اور تجوریاں تو بھری ہوئی ہیں لیکن انہوں نے عوام کو غربت، مہنگائی،بیروزگاری و جہالت کے تحفے دیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز جماعت اسلامی علاقہ گجرو کی جانب سے معززین علاقہ کے اعزاز میں استقبالیے سے بحیثیت مہمان خصوصی اور جامع مسجد عمر قاسم آباد، جھنجار گوٹھ ضلع شمالی میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا حکمران عوام کیلئے وبالِ جان بن چکے ہیں عالمی طاقتوں کے اشاروں پر خارجہ اور داخلہ پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔پی ٹی آئی نے جولائی سے دسمبر تک چھ ارب ڈالر غیر ملکی قرضے لیے جو ایک ریکارڈ ہے۔ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں گزشتہ اڑھائی برسوں کے دوران دو سے تین سو فیصد اضافہ ہوا،اس کیساتھ ساتھ ہر ماہ عوام پر پٹرول بم گرایا جاتا ہے، گیس کی قیمتیں بڑھائی گئیں اور رہی سہی کسر حکومت نے بجلی کی قیمت میں دو روپے فی یونٹ اضافہ کر کے نکال دی۔ ملکی تاریخ میں یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ کم یونٹ استعمال کرنیوالے صارفین کے بلوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
سراج الحق
