کیٹل کالونی کی تعمیر میں رکاوٹ برداشت نہیں،امتیاز احمد شیخ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی صدارت میں شکار پور کیٹل کالونی کی تعمیر کے حوالے سے ایک اجلاس آج سیکریٹری لائیو اسٹاک سندھ کے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکریٹری لائیو اسٹاک سندھ اعجاز مہیسر، ڈپٹی کمشنر شکار پور کاشف نبی کھوڑو، محکمہ لائیو اسٹاک اور محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکریٹری لائیو اسٹاک اور ڈپٹی کمشنر شکار پور نے کیٹل کالونی کی تعمیر کے بارے میں بریفنگ دی اور ڈپٹی کمشنر شکار پور نے کہا کہ کیٹل کالونی شکار پور کے تعمیری کام کے دوران سیکیورٹی فراہمی کی غرض سے رینجرز کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے۔اس موقع پر وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ شکار پور میں کیٹل کالونی کا قیام شکار پور کے شہریوں سے کئے گئے وعدے کے عین مطابق ہے۔ کیٹل کالونی شکار پور کی تعمیر سے شہر میں صحت و صفائی کے مسائل بہت حد تک حل ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شکار پور کیٹل کالونی کی تعمیر کرنے والے تمام افراد کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ ہے اور اس کی تعمیر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ لائیو اسٹاک اور محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کریں تاکہ منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔