زین آفندی قتل، ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع
کراچی(این این آئی)جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی ایسٹ کی عدالت نے سندھ مدرستہ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے زین علی آفندی کے قتل کے 4 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی۔دورانِ سماعت پولیس نے 4 ملزمان کو عدالت میں پیش کر دیا۔ملزمان میں در محمد، عمران، فیضان اور رحمت اللہ شامل ہیں، ملزمان کو سم کارڈ فراہم کرنے والا ملزم فیضان ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی ایسٹ کی عدالت نے چاروں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کر دی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی۔واضح رہے کہ سندھ مدرستہ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے زین علی آفندی کو 6 جنوری کی صبح ان کے گھر میں قتل کر دیا گیا تھا۔