نیب سندھ کی کراچی واٹر بورڈ میں کرپشن کی تحقیقات
کراچی (این این آئی) نیب سندھ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورد میں فلٹر پلانٹس کی بحالی اور کلورین کی فراہمی میں بڑے پیمانے پر کرپشن اور بدعنوانی کا سراغ لگایا ہے۔ ذرائع کے مطابق فلٹر پلانٹس کی بحالی اور مرمت صرف کاغذوں کی نذر ہوئے، افسران مبینہ طور پر کروڑوں روپے ہڑپ کرگئے، جبکہ پانی میں کلورین شامل کرنے کے لیے سب سے کم بڈ دینے والی کمپنی کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے پیش 32کے بجائے 36کروڑ روپے کی بڈ کو منظور کیا۔ کمپنی نے غیر معیاری کلورین فراہم کرکے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا۔ نیب کے نوٹس ملتے ہی واٹر بورڈ کے دو افسران ہسپتال پہنچ گئے جبکہ ایک افسر نے ریٹائرمنٹ لے لی۔ معلوم ہوا ہے کہ موجودہ ایم ڈی اسد اللہ خان نیب کے ریمائنڈر سے خائف ہونے کے بجائے مطمئن نظر آتے ہیں۔ واٹر بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سارے عمل کو خفیہ رکھا گیا ہے۔