جئے سندھ کی ریلی میں مودی کے حق میں نعرے تشویشناک ہیں: مصطفی کمال 

جئے سندھ کی ریلی میں مودی کے حق میں نعرے تشویشناک ہیں: مصطفی کمال 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے سن میں جئے سندھ کی ریلی میں پاکستان مخالف نعروں اور بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی تصاویر اٹھا کر انکے حق میں نعروں کی سخت مذمت اور صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو پیپلز پارٹی کی کرپشن، نااہلی، اقربا پروری اور بد ترین بدانتظامی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ کراچی سے کشمور تک خوراک، پینے کے صاف پانی، صحت، تعلیم اور روزگار سے محروم، وڈیروں کے چنگل میں جکڑے مظلوم عوام میں بڑھتے احساس محرومی نے آج یہ دن دکھایا ہے اور اس پر پیپلزپارٹی کی مجرمانہ خاموشی نا صرف نا قابلِ فہم ہے بلکہ شرپسندی کے اس عمل کو پیپلزپارٹی کی خاموش حمایت تصور کیا جائے گا۔ پچھلے چار سال سے ہم ریاست کو یہ بات سمجھا رہے ہیں کہ نوجوانوں میں بڑھتے احساس محرومی کا فائدہ صرف الطاف حسین جیسے ملک دشمن اٹھاتے ہیں اور انہیں دہشتگرد بناکر ملک کیخلاف استعمال کرتے ہیں، پھر خود تو ترقی یافتہ ممالک میں جلاوطنی کی زندگی گزارتے ہیں لیکن متاثرہ نوجوان یا تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گولیوں کا نشانہ بن جاتے ہیں یا پھر پھانسی کے پھندے پر جھول جاتے ہیں جسکا فائدہ پھر الطاف حسین جیسے لوگ اٹھاتے ہوئے قوم کے نوجوانوں میں لسانیت اور عصبیت کا زہر بھرتے ہیں جسکی وجہ سے دہشتگردی کا ایک اور نا ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہوجاتا ہے۔ یہ بات انہوں نے پی ایس پی سیہون کے عہدے داران سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 18ویں ترمیم سے جہاں اختیارات اور وسائل کو یونین کونسل تک پہنچ کر عوام کی فلاح کا باعث بننا تھا وہاں صوبے کا وزیر اعلی اختیارات اور وسائل پر قابض ہوگیا۔ یہی وجہ ہے کہ موروثیت کی پیروکار پیپلزپارٹی چند سیاسی خاندانوں کو نوازنے کے لیے شہری سندھ کی مردم شماری صحیح نہیں ہونے دیتی۔ پیپلز پارٹی نے روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر کراچی سے کشمور تک بنیادی انسانی حقوق تک چھین لئے ہیں۔ سرکاری ملازمین اور وسائل کو ذاتی ملازمین اور وسائل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ پاک سرزمین پارٹی نے سندھ بالخصوص کراچی کے امن و امان کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیئے ہیں، دشمنانِ وطن کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے پی ایس پی کا ایک ایک کارکن سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگا۔

مزید :

صفحہ آخر -