صوبے کے دوسرے اضلاع میں سرمایہ کاری کے کافی مواقع موجود ہیں، عبدالکریم
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا میں ہاؤسنگ کے شعبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ٹھوس لائحہ عمل کی ضرورت ہے اور اس سے منسلک سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے پشاور میں سٹار پراپرٹی ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں ہائی رائیز کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے جامع پالیسی پر عمل درآمد کر رہی ہیں اس کے ساتھ ساتھ نئے سیاحتی مقامات پر ہاؤسنگ کے مسائل حل کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا ئے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ اس قسم کے ایکسپو سے ہاؤسنگ کے میدان میں مقابلہ کا رحجان پیدا ہوگا اور صوبے میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔ صوبائی حکومت، صوبے کے تمام اضلاع میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سیاحتی مقامات کھول رہی ہیں جس سے صوبے میں کافی مقدار میں سرمایہ کاری آجائے گی۔آخر میں معاون خصوصی نے ایکسپو کے منتظمین کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس قسم کی سرگرمیوں سے صوبے میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔