موضع زیدہ میں پرانی دشمنی کی بناء پر 2 افراد کو قتل کر دیا گیا
صوابی(بیورورپورٹ)موضع زیدہ میں پرانی دشمنی کی بناء پر دو افراد کو قتل کر دیا گیا پولیس تھانہ زیدہ کی رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او اکبر علی خان، اے ایس آئی اسد زمان اور دیگر نفری پولیس پارٹی کو دوران گشت زیارت لار چم زیدہ میں ایک لا وارث قتل شدہ لاش ملی بعدا زاں دوسری لاش پولیس نے بائی پاس روڈ سے بر آمد کرلی۔ جن کو پوسٹ مارٹم اور شناخت کے لئے پولیس نے باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور منتقل کیا بعد ازاں اویس خان ولد فرید خان نے ہسپتال آکر لاش کی شناخت کرلی جو ان کے بھائی قیصر علی کی تھی۔ اویس خان نے تھانہ زیدہ میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ رات وہ اپنے بھائی قیصر علی، رشتہ دار رشید علی عرف کانے، عمر خیام ولد رشید علی عرف کانے اور انیس الرحمن کے ہمراہ دعوت طعام کے سلسلے میں اویس اور حمزہ پسران عزیز الحسن کے ڈیرے پر جارہے تھے جب وہ مچھلی چوک کے مقام پر پہنچے تو اس دوران مبینہ طور پر کفایت شاہ اور فواد علی شاہ ساکنان زیدہ نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اسلحہ آتشین سے حملہ آور ہو کر ان کے بھائی قیصر علی اور رشتہ دار رشید علی عرف کانے کو زبر دستی اُٹھا کر اپنے ساتھ موٹر کار میں نامعلوم طرف لے گئے۔ بعد ازاں اطلاع ملی کہ برادر قیصر علی کی لاش مقامی پولیس نے زیارت چم سے اُٹھا کر ہسپتال لے گئی ہے جب وہ باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور آئے تو وہاں اس کے بھائی قیصر علی کی لاش قتل شدہ پڑی تھی رپورٹ میں وجہ عناد یوں بیان کی ہے کہ ملزمان اور ہمارے مابین قتل مقاتلہ کی دشمنی چلی آرہی تھی۔ ڈی پی او صوابی عمران شاہد نے اس واقعہ کا نوٹس لے کر ڈی ایس پی شوکت خان، ایس ایچ او تھانہ زیدہ انسپکٹر اکبر علی خان اور تفتیشی آفیسر اے ایس آئی اسد زمان پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی جنہوں نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔