عبدالعلیم خان سے جرمن سفیر کی ملاقات،دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال
لاہور (لیڈی رپورٹر)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے لاہور میں جرمنی کے سفیر برنہادڑ شلا گیک نے ملاقات کی جس میں دونوں شخصیات کے مابین باہمی دلچسپی کے مختلف امور،دو طرفہ تعاون اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین ٹیکنیکل ایجوکیشن میں مشترکہ منصوبوں کے لئے بہت سکوپ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ جرمنی کی ترقی اور بحیثیت قوم اْن کی کامیابیاں بلا شبہ لائق تحسین ہیں۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی پاکستان اور جرمنی کے مابین باہمی تعاون ہو سکتا ہے۔عبدالعلیم خان نے جرمن سفیرکو خیر سگالی کا پیغام دیا اور توقع ظاہر کی کہ اْن کے عرصہ سفارت کے دوران بالخصوص پنجاب کے عوام کے لئے مزید اچھے مواقع پیدا ہوں گے۔پاکستان میں جرمنی کے سفیر برنہارڈ شلا گیک نے سینئر وزیر پنجاب سے پاک جرمن تعاون کے تحت جاری مختلف منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون میں اضافے کے متمنی ہیں اور جرمنی مستقبل میں پنجاب میں تعلیم اور مختلف شعبوں میں اپنا کردار ادا کرے گا۔جرمن سفیر برنہارڈ شلا گیک نے کہا کہ وہ اہلیان لاہور کی مہمان نوازی کے معترف ہیں اور آئندہ بھی یہاں آتے رہیں گے۔
عبدالعلیم خان