غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے لئے ایمنسٹی سکیم متعارف
لاہور(اپنے نمائندے سے)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو قانونی قرار دینے لیے ایمنسٹی اسکیم متعارف کروادی،چیئرمین کمیشن جسٹس (ر)علی اکبر قریشی کی منظوری کے بعد لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کی عدالت میں ایمنسٹی سکیم جمع کروائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو خلاف ورزیوں پر جرمانہ کئے جائیں گے،جن سوسائٹیز کے مالکان موجود نہیں ان کو ایل ڈی اے تحفظ دے گا۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر لاہور،ننکانہ صاحب،شیخوپورہ اور قصور میں 1196 ہاؤسنگ سوسائٹیز بنائی گئیں۔منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تعداد 365ہے،غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تعداد 576ہے،25ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق اقدامات جاری ہیں۔فاضل عدالت نے ایمنسٹی اسکیم کو کابینہ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
