میڈیکل کالجز میں نشستیں کم کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے،اظہر اقبال
لاہور(ڈویلپمنٹ سیل) جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن نے پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں طلبا و طالبات کیلئے مختص نشستوں کی تعداد کم کرنے کے صوبائی حکومت کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبہ میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی 283 نشستوں کو کم کرنا طلبا وطالبات سے ظلم اور ان کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سے موجود تین ہزار چھ سو کے لگ بھگ سیٹس کو کم کرنے کی بجائے چار ہزار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت اور تعلیم کے لیے مختص فنڈز میں اضافہ کرے۔ صوبہ کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر مزید ہسپتالوں اور ڈاکٹرز کی ضرورت ہے۔ پہلے ہی پاکستان میں ہزاروں افراد کے لیے ایک ڈاکٹر میسر ہے۔ حکومت غیردانشمندانہ فیصلوں سے اجتناب کرے۔
اور فی الفور سیٹوں میں کمی کے فیصلے کو واپس لے۔