مدارس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا،وقت کی ضرورت ہے،طاہر رضا
لاہور(فلم رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے جامعہ ہجویریہ داتا دربار کی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خانقاہیں علوم ومعارف کا مرکز اور دینی مدارس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا،وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مدارس اسلام کے قلعے ہیں، ان کی حفاظت حکومت کی ترجیح ہے۔ جامعہ ہجویریہ میں کمپیوٹر لیب اور لینگوئج لیب کے قیام سے طلبہ کو عصری ضروریات اور علوم کی رسائی کا موقع میسر آرہا ہے۔ جدید لائبریری کا قیام،ترجیح میں شامل ہے، ماہانہ فکری نشست کا یقینی بنایا جائیگا،آن لائن "دارالافتاء " سے دنیا بھر کے زائرین اور عقیدتمند، داتا دربار کے " افتا ء پینل" سے استفادہ کرسکیں گے۔ داتا دربار کمپلیکس میں منعقدہ اس اجلاس میں خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی، پرنسپل جامعہ ہجویریہ صاحبزادہ بدر الزماں قادری، منیجر داتا دربار شیخ محمد جمیل سمیت جامعہ ہجویریہ کے تدریسی سٹاف نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں جامعہ ہجویریہ کے معیاری نظم و نسق، اعلیٰ اسلوبِ تدریس، طلبہ کی ہم نصابی سرگرمیاں، درس ِ کشف المحجوب، سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔ شرکاء نے جامعہ ہجویریہ کی ملکی سطح پر نمایا ں پوزیشنز اور کامیابیوں کی بھی تحسین کی۔
