جماعت اسلامی کی رکن اسمبلی حمیرا خاتون کی کارکردگی مثالی ہے،دردانہ صدیقی
لاہور (لیڈی رپورٹر) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے ایم پی اے کے پی کے حمیرا خاتون کی سال 2020 میں شاندار پارلیمانی کارکردگی پر انہیں مبارکباد اور خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی رکن اسمبلی کی کارکردگی دوسری جماعتوں کے ارکان کے لیے ایک مشعلِ راہ ہیں۔
دردانہ صدیقی نے توقع ظاہر کی کہ حمیرا خاتون آئندہ بھی اسی طرح صوبائی اسمبلی کے فورم پر ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی کوشش کرتی رہیں گی۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی رکن اسمبلی حمیرا خاتون کی صوبائی اسمبلی کے ممبران میں کارکردگی کے لحاظ سے مجموعی طور پر چوتھی اور خواتین میں دوسری پوزیشن رہی جنہوں نے ایوان بالامیں 29 سوالات اٹھائے، 8 قراردادیں پیش کیں اور 8 توجہ دلاؤ نوٹس پیش کئے۔