پی ڈی ایم خود انتشار کا شکار، احتجاجی تحریک بے معنی، ہمیں کوئی خطرہ نہیں: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا احتجاج بے معنی ہے،پی ڈی ایم سے نہ کوئی مسئلہ ہے اورنہ ہی کوئی خطرہ،پی ڈی ایم کاٹولہ خود انتشار کا شکار ہوچکا ہے،بدقسمتی سے یہ عناصرملک کو عدم استحکام کی طرف لے جا کر دشمن کا ایجنڈا پورا کرنا چاہتے ہیں،ملک و قوم کے مفادات کو زک پہنچانے والے رہبر نہیں ہیں۔اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے نازک حالات میں قوم کوتقسیم کرنے کی کوشش قابل مذمت ہے۔اپوزیشن کوعوام کا احساس ہے نہ ملک کی پرواہ۔ یہ لوگ اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے قومی مفادات کو بھی داؤ پر لگارہے ہیں۔ اس وقت قوم کو اتحاد، اتفاق اور بھائی چارے کی جتنی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔موجودہ حالات میں منفی سیاست کی ذرا سی بھی گنجائش نہیں۔انتشارکی سیاست کرنے والوں کو جوش کی بجائے ہوش سے کام لینا چاہیے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وفاقی وزیرنارکوٹکس کنٹرول بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ نے ملاقات کی اس موقع پر منشیات کے دھندے کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت مشترکہ طورپر اقدامات اٹھانے پراتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب حکومت اوروفاق کامنشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ بعض عناصر مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔اداروں کے خلاف پراپیگنڈا قابل مذمت اور افسوسناک ہے،قومی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔دریں اثناء عثمان بزدار سے جرمنی کے سفیربرن ہارڈ سٹیفن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی پاکستان کا بہترین پارٹنر ہے،آٹو موبائل انڈسٹریز،انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت اور سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے جرمنی کے تجربے اورمہارت سے استفادہ کریں گے۔پنجاب حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے ایک چھت تلے سہولتیں فراہم کی ہیں۔جرمن سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں، جرمن سرمایہ کار کمپنیوں کو ہر طرح کی سہولتیں دی جائیں گی۔اس موقع پرجرمنی کے سفیر نے کہا کہ جرمن سرمایہ کار کمپنیاں پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
عثمان بزدار