نئی امریکی قیادت سے باہمی تعلقات مضبوط ہونگے: جنرل باجوہ
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکہ کے قائم مقام چارج ڈی افیئرز نے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اور امریکہ کے قائم مقام چارج ڈی افیئرز کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امو ر اورخطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا نئی امریکی قیادت کے آنے سے دونو ں ملکوں کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔ امریکی چارج ڈی افیئرز نے پاکستان کی افغان امن عمل میں کوششوں کو سراہا اور کہا امریکہ افغا نستا ن میں امن کیلئے حمایت جاری رکھے گا۔قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیپالی کوہ پیما ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسم سرما میں کے ٹو سرکرکے تاریخ رقم کی گئی۔ آئی ایس پی آرکے مطابق جنرل قمر باجوہ سے موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے والی ٹیم نے ملاقات کی۔ ٹیم نے کے ٹو سر کرنے سے متعلق اپنے تجربات سے آرمی چیف کو آگاہ کیا اور پاکستانی عوام کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔ نیپالی کوہ پیما ٹیم نے ریکارڈ بنانے پر پاکستان کی جانب سے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
جنرل باجوہ