زرعی ترقی کیلئے سمارٹ ٹیکنالوجی متعارف کرائیں گے، حسین جہانیاں گردیزی
ملتان (سپیشل رپورٹر) وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی میں نیشنل سنٹر فار انڈسٹریل بائیو ٹیکنالوجی کا سنگ بنیاد اور سولرائزیشن پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ موجودہ حکومت زراعت اور اس سے منسلک انڈسٹری کی ترقی کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت سائنس اور ٹیکنالوجی(بقیہ نمبر44صفحہ7پر)
کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اس لئے حکومت زراعت کے شعبہ سے منسلک انڈسٹری اور سمارٹ ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لانے میں مصروف عمل ہے۔ پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی میں نیشنل سنٹر فار انڈسٹریل بائیو ٹیکنالوجی کے قیام سے پودوں اور خوردبینی جانداروں سے ادویات اور دیگر مصنوعات کی تیاری پر تحقیق کی جا سکے گی اور مستقبل میں پاکستان میں ان مصنوعات کی تیاری سے نہ صرف ملکی ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا بلکہ ان کی برآمدات سے خاطر خواہ زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی بائیو ٹیکنالوجی اور پریسین ایگریکلچر کے حوالے سے کام کر رہی ہے اور نیشنل سنٹر فار انڈسٹریل بائیو ٹیکنالوجی کا قیام ایک خوش آئند عمل ہے۔ نیشنل سنٹر فار انڈسٹریل بائیو ٹیکنالوجی مستقبل میں ریسرچ اور انڈسٹری کے درمیان رابطہ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے میں پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ بارانی زرعی یونیورسٹی میں زراعت بالخصوص زرعی انجینئرنگ کے شعبہ میں سمارٹ ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کا کام جاری ہے۔ زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے سے وقت کی بچت اور کام کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ملکی ترقی کے لئے زراعت سے منسلک انڈسٹری کا سائنسی بنیادوں پر استوار ہونا انتہائی ضروری ہے۔ آسیہ امجد ایم پی اے اور ڈاکٹر حسین عابدی چیئرمین پاکستان کونسل فار سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ نے افتتاحی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس سے قبل افتتاحی تقریب سے ڈاکٹر قمر الزماں وائس چانسلر پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی نے نیشنل سنٹر فار انڈسٹریل بائیوٹیکنالوجی اور سولرائزیشن منصوبہ کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سولرائزیشن منصوبے کے ذریعے یونیورسٹی اپنی بجلی خود تیار کرے گی۔ یہ منصوبہ آلودگی سے پاک اور ماحول کیلئے سود مند ہے۔ افتتاحی تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر غزالہ کوکب پروجیکٹ انچارج بائیو ٹیکنالوجی نے نیشنل سنٹر فار انڈسٹریل بائیو ٹیکنالوجی پر اور ڈاکٹر جہانزیب مسعود چیمہ ایسوسی ایٹ پروفیسر ایگریکلچر انجینئرنگ ٹیکنالوجی نے پریسین ایگریکلچر کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر سپرے کے لئے جدید زرعی سنسر کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
حسین جہانیاں گردیزی
