متنازعہ ویڈیوز، اہل خانہ نے مفتی عبدالقوی کو کمرے میں بند کردیا
ملتان (سپیشل رپورٹر)مفتی عبدالقوی کے اہل خانہ نے متنازعہ ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد مفتی عبدالقوی سے موبائل فون چھین کر انہیں گھر کے ایک کمرے میں بند کر دیا۔ مفتی عبدالقوی کے کراچی سے ملتان واپسی پر ان کے اہل خانہ میں شدید تنازعہ کھڑا ہو گیا جس کے بعد مفتی عبدالقوی کو اپنے خاندان میں شدید مخالفت اور تنقید کا سامنا کرنا پڑ ا۔ گزشتہ روز ان سے موبائل فون چھین لیا گیا جس کے باعث مفتی عبدالقوی کے تمام تر رابطے منقطع ہو کر رہ گئے ہیں۔ دریں اثناء مفتی عبدالقوی کے اہل خانہ مولانا عبدالواحد ندیم، مولانا عبدالواسع عتیقی، ڈاکٹر عبدالکبیر اور خواجہ حزیفہ نے گزشتہ روز ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مفتی عبدالقوی ڈپریشن کا شکار ہیں، ان کا ذہنی علاج کروایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالقوی کی حرکات سے اہل خانہ کی پوری دنیا میں رسوائی ہوئی، انہوں نے ہمارے خاندان کا بہت نقصان کیا ہے۔ ہمارا خاندان عزت والا خاندان ہے جس نے ہزاروں لوگوں کو دینی تعلیم دی ہے۔ ہمارا خاندان مسلکی گروہ بندی سے ہٹ کر خدمت کرتا رہا ہے، آج ہمارا خاندان غم میں ہے، عبدالقوی کی سوچ ان کے کنٹرول سے نکل گئی ہے، پوری کوشس ہے کہ عبدالقوی کو عوامی اجتماعات سے دور رکھیں۔
عبدالقوی
