لارڈز میں کھلاڑیوں کو کورونا ویکسین لگانے کیلئے کیمپ قائم، پاکستان کے کس لیجنڈ کرکٹر نے ویکسین لگوائی اور پاکستانیوں کیلئے کیا پیغام دیا؟
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کرکٹ کے گھر لارڈز میں کھلاڑیوں کو کورونا ویکسین لگانے کا کیمپ قائم کر دیا گیا ہے جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ایشین بریڈ مین ظہیر عباس نے بھی لارڈز میں کورونا ویکسین لگوائی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کا توڑ کرنے کیلئے دنیا کے مختلف ملکوں نے اس کی ویکسین ایجاد کرلی ہے اور برطانیہ بھی ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں ان دنوں شہریوں کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ ایسا ہی کیمپ کرکٹ کے گھر لارڈز میں بھی قائم کیا گیا ہے جہاں کرکٹرز اور دیگر شخصیات کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ایشین بریڈمین ظہیر عباس ان دنوں انگلینڈ میں موجود ہیں جہاں لارڈز میں قائم کورونا ویکسین کے کیمپ میں انہوں نے ویکسین لگوائی۔ سابق کپتان نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ وہ ویکیسن لگوانے کے بعد خود کو بہتر محسوس کر رہے ہیں، ویکیسن کے بعد کسی قسم کی نقاہت محسوس نہیں ہو رہی، ہر پاکستانی کو ویکیسن لگوانی چاہیے۔