عمرکوٹ الیکشن میں عوام کی مثبت سوچ نے امیر علی شاہ کو جتوایا: سردار علی شاہ
عمرکوٹ(سید ریحان شبیر ) صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ عمرکوٹ ضلع کے عوام متحرک اور پر امن ہیں، انہوں نے اپنے مثبت سوچ کا استعمال کرکے سید امیر علی شاہ کو جتوایا ہے ، ارباب غلام رحیم اپنے بھتیجے کے سامنے 18ہزار ووٹوں کی لیڈ سے ناکام ہوئے تھے اور اب عمرکوٹ میں الیکشن لڑے مگر یہاں بھی ناکامی نصیب ہوئی, ہمیں یقین تھا کہ عمرکوٹ کے عوام نے انہیں 2018کی طرح انتخابات میں ردکرنا ہے۔
صوبائی وزیر سردار شاہ نے کہا کہ مخالفین کی جانب سے وفاقی حکومت کے اداروں کو استعمال کرتے ہوئے ہمارے حلقے کے 10ہزار ووٹ نادرا کی مدد سے دیگر حلقوں میں تبدیل کئے گئے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کی ہے اور مخالفین کی جانب سے پولنگ سٹیشنوں پر ہمارے ووٹروں کو ہراساں کیا گیا اور خواتین کی تذلیل کی گئی جس میں کل 4پولنگ اسٹیشن بھوجراجیو، اللہ ورایو مہر اور دیگر شامل ہیں جس کے ثبوت بھی موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیر صاحب پاگارا سمیت تمام روحانی جماعت کے سلسلے قابل عزت ہیں اور مجھے امید ہے کہ پیر صاحب کے جماعت میں موجود کچھ انتشار پھلانے والے عناصر کے خلاف جماعت کے روحانی طریقے کار کے مطابق کاروائی ہوگی۔
صحافیوں کی جانب سے کئے گئے مختلف سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مرحوم سید علی مرداں شاہ کی برسی کی تقریب میں کہے گئے الفاظ میں نے کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں کہے تھے، انہیں توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا بلکہ میں نے ان شر پسند غنڈوں کی بات کی تھی جنہوں نے مختلف پولنگ سٹیشنز پر بزرگوں اور عورتوں پر تشدد کیا جس کے ثبوت میڈیا کے سامنے ہیں۔