مخالفین کو پھنسانے کیلئے سگے باپ نے پٹرول چھڑک کر اپنی 3 اور ڈیڑھ سال کی بیٹیوں کو زندہ جلادیا
مظفر گڑھ (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں اپنی دو ننھی بیٹیوں کو زندہ جلا کر قتل کرنے والا حقیقی باپ نکلا۔
پولیس کے مطابق ملزم عبدالحمید نے مخالفین کو پھنسانے کیلئے اپنی تین اور ڈیڑھ سال کی بیٹی کو زندہ جلایا۔ ملزم نے سات جنوری کو رضائی پر پٹرول چھڑکا اور پھر اس کے اوپر کوئلوں سے بھری انگیٹھی انڈیل دی جس سے تین سالہ اسوہ اور ڈیڑھ سالہ عروہ زندہ جل گئیں۔ ملزم نے پھول سی ننھی کلیوں کے قتل کا الزام اپنے سسرالیوں پر لگایا۔
ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں بتایا کہ وہ بدلہ لینے کیلئے اپنے سسرالیوں کو اس مقدمے میں پھنسانا چاہتا تھا۔ ملزم عبدالحمید نے کچھ عرصہ پہلے ایک کم عمر لڑکی سے تیسری شادی کی تھی جس پر اس کے سسرالیوں نے عدالت کے ذریعے لڑکی کو واپس کرالیا تھا جس کا اسے رنج تھا اور اسی کو مٹانے کیلئے اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔