ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلن مسک نے 16 ارب روپے کے انعام کا اعلان کردیا، لیکن کیا کام کرنے والے کو دیا جائے گا؟ آپ بھی جانئے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیسلا اور سپیس ایکس کے مالک اور دنیا کے امیرترین شخص ایلن مسک کی ماحولیاتی تبدیلیوں کے تدارک کے لیے کوششیں ڈھکی چھپی نہیں اور اب انہوں نے فضاءسے کاربن ڈائی آکسائیڈ کو نکالنے کی نئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ایلن مسک نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ جو شخص فضاءسے کاربن ڈائی آکسائیڈ کو نکالنے کی نئی ٹیکنالوجی بنائے گا وہ اسے 10کروڑ ڈالر (تقریباً 16ارب روپے) انعام دیں گے۔ایلن مسک کا کہنا تھا کہ جو شخص بھی ٹیکنالوجی کے نئے دروازے کھولے گا وہ انعام کا حق دار ہو گا۔
ایلن مسک نے کہا کہ ”آج تک صرف کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنے پر تمام تر توانائیاں صرف کی گئی ہیں لیکن ماحول سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ختم کرنے پر زیادہ پیشرفت نہیں ہو سکی۔ اب ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر بھی خاطرخواہ کام کیا جائے۔ اس حوالے سے مزید تفصیل آئندہ ہفتے مہیا کی جائے گی۔“ رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ فضاءکے ہر 10لاکھ مالیکیولز میں سے 400کاربن ڈائی آکسائیڈ کے ہیں۔ انسانی سرگرمیوں کے باعث ہر سال لگ بھگ 40ارب ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کا فضاءمیں اضافہ ہو رہا ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ ایندھن کا جلنا ہے۔