بھارتی حکومت بھی پاکستانی حکومت کے نقش قدم پر چل پڑی، سوشل میڈیا صارفین کے لیے بڑی مشکل
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست بہار کی حکومت بھی پاکستانی حکومت کے نقش قدم پر چل پڑی۔ سوشل میڈیا پر حکومت مخالف پوسٹس کو سائبر کرائم قرار دے ڈالا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق بہار حکومت کے اے ڈی جی آف اکنامک جرائم ونگ کی طرف سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آج کے بعد سوشل میڈیا پر حکومت، وزرائ، اراکین اسمبلی اور حکومتی آفیشلز کے خلاف نازیبا اور گمراہ کن پوسٹس سائبر کرائم کے زمرے میں خیال کی جائیں گی اور ایسی پوسٹس کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر تجیشوری یادو کااس معاملے پر کہنا ہے کہ ”بہار حکومت شہریوں کا آزادی اظہار کا حق سلب کر رہی ہے۔“ تجیشوری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعلیٰ بہار نتیش کمار کو کرپٹ حکومت کا کمزور سربراہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ”اپنی کرپشن کم کرنے کی بجائے بہار حکومت لوگوں کی زبانیں بند کرنا چاہتی ہے۔“ انہوں نے حکومت کو چیلنج کیا کہ ان کی یہ ٹویٹ بھی سائبر کرائم کے زمرے میں آتی ہے چنانچہ سب سے پہلے انہیں ہی گرفتار کیا جائے۔