سوٹ کیس سے لاش برآمد، لیکن سوٹ کیس پر کیا لکھا تھا کہ پولیس فوری ہی قاتل تک پہنچ گئی؟ جان کر آپ کو بھی اس کی بے وقوفی پر حیرت ہوگی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار کر لاش کے ٹکڑے کر دینے والا سفاک قاتل اپنی ایک حماقت کی وجہ سے پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق قتل کی یہ لرزہ خیز واردات امریکی ریاست کولوریڈو کے شہر ڈینور میں پیش آئی جہاں سٹی ورکرز نے ویرانے میں دو سوٹ کیس دیکھے اور جب انہیں کھولا تو پتا چلا کہ ان میں کسی شخص کو قتل کرکے اس کی لاش ٹکڑوں کی صورت بند کرکے پھینکی گئی تھی۔ ورکرز نے پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے آ کر دیکھا تو ان میں سے ایک بیگ پر قاتل کے نام کا ’ٹیگ‘ موجود تھا۔
بینجمن سیٹرتھویٹ نامی اس قاتل نے اس بیگ کے ساتھ امریکہ کی یونائیٹڈ ایئرلائنز کے ساتھ سفر کیا تھا ، جب یہ ٹیگ اس بیگ پر لگایا گیا تھا۔ پولیس نے اس پر بینجمن کی گرفتاری اور اس کے گھر کے سرچ وارنٹ حاصل کیے اور چھاپہ مارا۔ بینجمن کے گھر کا ایک صوفہ خون آلود تھا۔ اس کے علاوہ باتھ ٹب میں بھی کافی مقدار میں خون پڑا تھا۔ پولیس آفیسرز کوگھر سے خون آلود آری بلیڈ بھی مل گیا جس کے ذریعے قاتل نے ممکنہ طور پر لاش کے ٹکڑے کیے تھے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت جوشوا لوکرڈ کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 33سال تھی۔ 28سالہ ملزم بینجمن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔