بزرگ خاتون کو بے وقوف بنا کر اپنی شادی کے لیے کروڑوں روپے جمع کرنے والی خاتون پکڑی گئی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک خاتون نے اپنی شادی کے اخراجات کے لیے ایک عمر رسیدہ عورت کی جمع پونجی پر ڈاکہ ڈال دیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق ملزمہ کا نام سارا ایکن ہیڈ ہے جو ایک قانونی فرم میں اہم عہدے پر فائز تھی۔ کیئر ہوم میں رہنے والی عمر رسیدہ خاتون پامیلا سریڈ کے بینک اکاﺅنٹ کا کنٹرول اس فرم کے پاس تھا۔ اس کی وجہ پامیلا سریڈ کی ڈیمینشا کی بیماری تھی کیونکہ اس بیماری کی وجہ سے وہ اپنے مالی معاملات کو سنبھالنے کے قابل نہیں رہی تھی۔
رپورٹ کے مطابق سارا نے اپنی پوزیشن کا ناجائز فائدہ اٹھایا اور پامیلا کے بینک میں پڑی اس کی جمع پونجی نکلوانا شروع کر دی۔ اس نے مئی 2019ءسے پامیلا کے بینک اکاﺅنٹ سے رقم نکلوانی شروع کی اور اگلے ایک سال کے دوران اس نے مجموعی طور پر 1لاکھ 36ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 2کروڑ 98لاکھ روپے) نکلواکر پامیلا کا اکاﺅنٹ خالی کر دیا۔ سارا نے یہ رقم لگژری چھٹیوں، ڈیزائنر ملبوسات کی شاپنگ اور اپنی شادی پر خرچ کی۔ اس کے علاوہ اس نے 30ہزار پاﺅنڈ کی رقم اپنے بھائی کو دی۔سارا کی یہ واردات اس وقت پکڑی گئی جب پامیلا سریڈ کی موت واقع ہوئی اور اس کے چھوڑے گئے ترکے کی تحقیقات شروع ہوئیں۔عدالت نے سارا کو 3سال 4ماہ قید کی سزا سنا کر جیل بھجوا دیا ہے۔