کورونا ویکسین کی متوقع آمد، جنوبی کوریا نے سینکڑوں مراکز قائم کرنے کا منصوبہ بنالیا
سئیول (رضا شاہ) جنوبی کوریا نے 250 کورونا ویکسین کے مراکز قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے کیونکہ آنے والے ہفتوں میں خوراک کی پہلی کھیپ کی آمد متوقع ہے، ان میں سے ہر مرکز میں ایک دن میں کم از کم 600 اور کچھ مراکز میں 3 ہزار افراد تک قطرے پلائے جاسکیں گے، ایسے مراکز جن میں 3 ہزار افراد کو ویکسین دی جا سکے گی میں 110 ڈاکٹروں اور 40 نرسوں سمیت 110 ہیلتھ کیئر ورکرز کی ضرورت ہوگی۔
وزارت داخلہ اور حفاظت نے کہا کہ وہ اس وقت مقامی حکومتوں کے ساتھ مل کر ویکسین کی تقسیم کے لئے موزوں جگہوں کی تلاش کر رہے ہیں،سنٹر ایسی جگہ پر واقع ہوں گی جہاں پورا ہفتہ 24 گھنٹے ویکسین کے لئے انتہائی سرد فریزر چلانا ممکن ہو تا کہ ویکسین محفوظ رکھی جا سکے، ایسی جگہوں کا انتخاب کیا جائے گا جہاں نقل و حمل میں آسانی ہو اور ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ بھی رکھا جا سکے.
حکومت کے پاس اس وقت مجموعی طور پر 150 جگہیں موجود ہیں جن میں 93 انڈور اسٹیڈیم اور 30 دوسرے مراکز شامل ہیں۔ ان مراکز کے ساتھ ساتھ لوگ ملک بھر میں 10 ہزار طبی مراکز میں بھی ویکسین حاصل کرسکیں گے۔ وزارت داخلہ اور حفاظت نے یہ بھی بتایا کہ ممکنہ طور پر ویکسین 11 فروری سے قبل دینا شروع ہوگی۔