وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 26 جنوری کو طلب کر لیا ہے،اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی، اقتصادی صورتحال پر غور ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت منگل کو ہونے والے کابینہ اجلاس کا17 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے، اجلاس میں کورونا ویکسین کی قیمت طے کی جائے گی جبکہ اقتصادی اور معاشی اعشاریوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں ایف نائن پارک کی خالی زمین کےعوض مقامی اور عالمی سطح پر سکوک بانڈز کے اجراء کی منظوری دی جائے گی جبکہ نفٹ میں لازمی سروسز ایکٹ کے نفاز کی توسیع کی منظوری بھی دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان کی ماحولیاتی آلودگی سے متعلق انٹرنیشنل نیٹ ورک بمبو اینڈ رتن میں شمولیت پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن میں لازمی سروس ایکٹ کی توسیع کی منظوری کابینہ دے گی۔ نادرا کے مالی سال 2020 کے مالیاتی اکاؤنٹس کے آڈٹ کی منظوری بھی دی جائے گی۔