حکومت نے ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر قرض لینےکا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی حکومت نے ساڑھے سات سو ایکڑ اراضی پر مشتمل اسلام آباد کے ایف نائن پارک کو گروی رکھ کربجٹ سپورٹ کے لیے قرض لینے کافیصلہ کیا ہے۔ پارک کے عوض اجارہ سکوک بانڈجاری کیاجائےگا۔
نجی ٹی وی ابتک نیوز کےمطابق وفاقی حکومت نے مالی مشکلات اور بجٹ سپورٹ کے لئے قرض حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وفاقی حکومت نے ایف نائن پارک اسلام آباد کو گروی رکھ کر قرض لینے کا فیصلہ کرلیا۔ پارک کی 750 ایکڑ زمین گروی رکھ کر بجٹ سپورٹ کے لیے قرض حاصل کیا جائے گا۔ پارک کے عوض اجارہ سکوک بانڈ جاری کیاجائےگا۔
وزارت خزانہ نے سمری کابینہ کو ارسال کردی جبکہ سی ڈی اے کی جانب سے این او سی بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ڈومیسٹک اینڈ انٹرنیشنل اجارہ سکوک بانڈز کے اجراء کیلئے تین بینکوں کاکنسورشیم بن چکا ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ سال جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو گروی رکھ کر500ارب روپے قرض لیا ہے جبکہ مئی 2020 میں سرکاری بجلی کی کمپنیوں کو گروی رکھ 200ارب روپے قرض لیاگیا۔