مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر علی زیدی کا تنازعہ ، سعید غنی نے اصل حقیقت سامنے لاتے ہوئے وزیراعظم سے بڑا مطالبہ کردیا 

مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر علی زیدی کا تنازعہ ، سعید غنی نے اصل حقیقت سامنے ...
مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر علی زیدی کا تنازعہ ، سعید غنی نے اصل حقیقت سامنے لاتے ہوئے وزیراعظم سے بڑا مطالبہ کردیا 

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم کراچی سمیت سندھ بھر کی ترقی کے خواہ ہیں تاہم ایسا محسوس ہورہا ہے کہ آئین سے نابلد وزیراعظم اور ان کے وزراء اس میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں،وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے کور کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر کی جانب سے کی جانے والی بدتمیزی پر نہ انہیں اس وقت کوئی جواب دیا اور نہ ہی یہ بات ہماری جانب سے کہی گئی تاہم ایک خفیہ خط وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے وزیر اعظم کو لکھا گیا، اس خط  کو نہ صرف لیک کیا گیا بلکہ اسے میڈیا میں دیا گیا۔

 کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ  کورکمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر علی زیدی کی جانب سے جس بدتمیزی کا مظاہرہ کیا گیا اس کے تمام گواہ ہیں، میں خود اس اجلاس میں موجود تھا اور وہاں کوئی گالم گلوچ نہیں ہوئی البتہ علی زیدی کا جو رویہ اور انداز وزیر اعلیٰ سندھ کے لئے تھا وہ انتہائی نامناسب تھا، وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس یا اس کے بعد بھی ان کی بدتمیزی کا کوئی جواب نہیں دیا البتہ انہوں نے اسد عمر جو کہ اس اجلاس میں موجود تھے ان سے ناصرف شکایت کی بلکہ ان سے کہا کہ میں وزیر اعظم کو بھی خط لکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ یا کسی بھی کابینہ کے وزیر کی جانب سے 16 جنوری کے بعد آج تک اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی بلکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے جو خفیہ خط وزیر اعظم کو اس حوالے لکھا تھا اس کا بھی ہمیں کوئی علم نہیں تھا، یہ ایک خفیہ خط تھا اور یہ وزیر اعظم کو لکھا گیا تھا، جس  کو ایک وزیر نے نہ صرف لیک کیا بلکہ اسے میڈیا پر بھی دیا، جو کہ نہ صرف ان کی نالائقی اور نااہلی کو ثابت کرتا ہے بلکہ ان کی کراچی کی ترقی کے لئے جاری کام کو بھی عوام کے سامنے لارہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ میرے نزدیک اس جیسے شخص کو اس کمیٹی تو کیا کابینہ کا بھی ممبر نہیں ہونا چاہیے،ہم وزیر اعظم جن کو یہ خفیہ خط لکھا گیا ان سے ضرور مطالبہ کریں گے کہ کس طرح  ان کا ایک خفیہ خط نہ صرف لیک کیا گیا بلکہ اسے میڈیا پر بھی دیا گیا؟۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -