شام کے وقت آسمان پر اچانک نمودار ہونے والی یہ پراسرار چیز کیا ہے؟
کوٹ سادات (ڈیلی پاکستان آن لائن) ملک کے مختلف شہروں میں شام کے وقت آسمان پر نمودار ہونے والی پراسرار چیز نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ۔
غروب آفتاب کے وقت مختلف شہروں میں چاند کے قریب کوئی پراسرار روشنی نما چیز نمودار ہوئی جو کئی شہروں میں دیکھی گئی۔ کوٹ سادات، وہاڑی ، بورے والا، جہانیاں، چشتیاں، مظفر گڑھ، جتوئی ، میلسی سمیت کئی شہروں میں نمودار ہونے والی اس پراسرار چیز کو پہلے تو لوگ گیس کا غبارہ سمجھتے رہے لیکن جب اس کی تصاویر مختلف شہروں سے سامنے آئیں تو سوشل میڈیا پر ایک بحث چھڑ گئی۔
سوشل میڈیا صارفین کے مطابق یہ پراسرار روشنی مشرق سے مغرب کی طرف سفر کر رہی تھی۔ بعض لوگ اسے اڑن طشتری تو کوئی اسے موسم کا حال جاننے کیلئے چھوڑا گیا سیٹلائٹ قرار دے رہے ہیں۔ ایک شخص نے بتایا کہ اس نے کچھ سال پہلے اسی طرح کی روشنی دیکھی تھی جس کے بعد بہت زیادہ بارش ہوئی تھی۔
اس چیز کی روشنی پہلے انتہائی سفید اور تیز تھی لیکن جوں جوں وقت گزرتا گیا اس سے نکلنے والی روشنی زرد ہوتی چلی گئی۔ یہ چاند کے انتہائی قریب نظر آرہی تھی اور اس کی چمک چاند سے بھی زیادہ تھی۔ سوشل میڈیا پر صارفین ایک ہی سوال پوچھتے نظر آرہے ہیں کہ یہ کیا ہے؟
ایک سوشل میڈیا صارف کے مطابق یہ نظام شمسی کا پہلا سیارہ عطارد (مرکری) ہے اور یہ 31 جنوری تک نظر آتا رہے گا۔