قانون کی پاسداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا،کسی صورت قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی:عثمان بزدار
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ملاقات کی جس میں صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات پر بات چیت کی گئی،صوبائی وزیر قانون نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں سے بھی آگاہ کیا،ملاقات میں سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے،صوبے میں قانون کی پاسداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا،کسی صورت قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے لئے تیاریاں کی جا رہی ہیں،نیا بلدیاتی نظام نچلی سطح پر لوگوں کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنائے گا اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے، ترقی کا سفر نچلی سطح تک لے کر جائیں گے اور پنجاب کے ہر شہر اورگاؤں میں ترقی کا نیا دورشروع ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن نے اڑھائی برس احتجاج کیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوامی خدمت، پی ڈی ایم کا کوئی ایجنڈا نہیں،عوام نے اپوزیشن کی انتشار کی سیاست کو یکسر رد کر دیا ہے،یہ عناصر عوام میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں، وزیراعظم عمران خان قوم کی امید ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کی جانب بڑھتے رہیں گے۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کیا گیا ہے، بلدیاتی انتخابات کیلئے مشاورت جاری ہے اور ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس سے عوام کے مسائل گراس روٹ لیول پر حل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ہر اہم ایشو پر منفی سیاست کی کوشش کی،اپوزیشن نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کر دیا ہے،عوام نے جلسوں سے لاتعلق رہ کر اپوزیشن کو آئینہ دکھا دیا۔صوبائی وزیر قانون نے امن عامہ کیلئے کئے گئے اقدامات سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔