دوران ڈکیتی خاتون سے زیادتی کے مقدمہ میں گرفتاری کے بعد فرار ہونے والے ملزمان اپنے انجام کو پہنچ گئے
شیخوپورہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )فاروق آباد کے علاقہ میں خاتون کو دوران ڈکیتی اہل خانہ کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنانے کے مقدمہ میں گرفتار ہونے کے بعد فرار ہونے والے دونو ں ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں مار ے گئے۔
دونوں ملزمان کو پولیس جائے وقوعہ پر لیکر جارہی تھی ان کے چار ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کرکے ملزمان کو چھڑوالیا،جس کے بعد پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا،تاہم رات کے وقت پولیس ٹیم ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارنے پہنچی تو ملزمان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ شروع کردی،فائرنگ کے تبادلے میں دونوں مفرور ملزمان مارے گئے جبکہ انکے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کی نعشیں مردہ خانے منتقل کردی گئیں ہیں،جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد قبضہ میں لے لیے گئے ہیں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔