ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟
ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

  

برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل 

کافی روز سے زائچہ بلاک چلا آ رہا تھا، جس کی وجہ سے جس کام میں بھی ہاتھ ڈالتے تھے اس میں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملتا تھا، مگر اب صورت ِحال کافی حد تک بہتر ہو گئی ہے، اب روزانہ کی بنیاد پر مشکلات ختم ہوتی چلی جائیں گی اور آپ کو ان شاءاللہ آسانیاں ملنا شروع ہو جائیں گی۔ اس لئے اپنی مکمل پلاننگ کر لیں تاکہ جیسی صورتِ حال سامنے آئے،اس کے مطابق چلا جا سکے۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی 

صرف ایک بار سچے دل سے توبہ کر لیں، ان شاءاللہ آپ آزمائش سے نکل جائیں گے اور ہر کام سیدھا ہو جائے گا، لیکن اگر آپ نے ایسا نہ کیا تو پھر چاہے زائچہ جتنا بھی ٹھیک کیوں نہ ہو، آپ کو کسی معاملے میں بہتری ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے، اسی طرح معاملہ چلتا رہے گا، صرف توبہ ہی ہر مشکل کا حل ہے۔ اولاد کے حوالے سے ابھی جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کریں، حالات مزید انتظار کا مشورہ دے رہے ہیں۔

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

رجعت ابھی تک محسوس کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے معاملات سیدھے ہونے کے بجائے مزید خراب ہو رہے ہیں اور عین موقع پر آکر رکاوٹ حائل ہو جاتی ہے۔ اپنے تمام حقوق العباد والے معاملے بھی چیک کریں اور اللہ پاک کے حکم کی جہاں نافرمانی ہو رہی ہے، اس کو بھی ٹھیک کر کے توبہ سے کام لیں۔ اسی وقت سے ہی ان شاءاللہ معاملات ٹھیک ہونا شروع ہو جائیں گے۔ یہ ہفتہ صرف آپ کی نیت کے مطابق ہی آپ کو رزلٹ دے گا۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

ابھی استخارے کی مدد سے چلنے کا مشورہ ہے، کسی بھی رسکی یا جذباتی کام میں ہر گز ہاتھ مت ڈالیں ورنہ معاملات سیدھے ہونے کے بجائے الٹے ہو جائیں گے۔ یہ ہفتہ آپ کی نیت کے مطابق پھل دے گا۔ گھر میں آپ کی شدید ضرورت محسوس کی جا رہی ہے اور آپ کا دل و دماغ کسی اور جگہ پر ہے۔ واپسی کا راستہ کھلا ہوا ہے، جلد واپس آ جائیں گے تو صورت ِحال بھی قابو میں آ جائے گی، اب فوری غور کریں۔

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

مشتری زائچے میں بیٹھا ہوا ہے اور آپ کو بحکم اللہ ہر معاملے میں بہتری دے رہا ہے۔ عزت، دولت، شہرت ان تینوں معاملات میں آپ کی پوزیشن غیر متوقع طور پر مضبوط ہو گی، الجھن وغیرہ کے شکار لوگ تیزی سے ان سے نکلنا شروع ہو جائیں گے۔ جو لوگ نیا کام شروع کرنا چاہتے ہیں وہ اب کر سکتے ہیں، جس مقصد کے لئے بھی رقم درکار ہو گی پردہ ¿ غیب سے اس کا بندوبست بھی ہو جائے گا اور سلسلے بھی بہتر ہوں گے۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

تبدیلی کے خواہشمند افراد کو اب شاندار مواقع نصیب ہوں گے۔ برسوں کے بعد صورتِ حال آپ کے حق میں ہو جائے گی۔ آپ جس سلسلے میں بھی عرصہ دراز سے کوشش کر رہے تھے، وہ اب کامیاب ہو گی۔ من پسند جگہ رشتہ بھی طے ہو سکتا ہے، دوسری جانب سے بھی جواب ہاں میں ہو سکتا ہے۔ اولاد کا خانہ بھی زبردست پوزیشن پر ہے۔ آپ ان کے مستقبل کے حوالے سے بحکم اللہ قدم اٹھانے کی پوزیشن میں ہیں۔

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

آپ کو صرف اللہ پاک پر بھروسہ کرنا ہو گا،ہر قسم کے شرک سے دور رہنا ہو گا، صرف اللہ ہی مدد گار ہے،باقی سب طلب گار ہیں۔ آپ کا توکل اس قدر مضبوط ہو کہ جس بات کا بھی اچھا گمان کریں گے، وہ ہو جائے۔ اس وقت تو زائچہ اچھی پوزیشن پر ہے اور آپ کی مالی مدد بھی ہو رہی ہے۔ اولاد کے حوالے سے بھی خوشخبری ہے، نوکری کی تلاش کرنے والوں کے لئے تو اب ان شاءاللہ بے حد آسانیاں نظر آتی ہیں۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

تبادلے کا امکان، ملازمت میں بہتری،خواہشمند افراد کو اب ترقی کے حوالے سے بھی خوشخبری ملے گی اور جو لوگ روز گار کی تلاش میں ہیں، ان کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ اس ہفتے جادو ٹونہ، بندش جیسے معاملات سے بھی نجات ملے گی اور عرصہ دراز سے جیسا چاہ رہے تھے اس کے ہونے کے امکانات بھی روشن دکھائی دیتے ہیں۔ (ن) والے نام کے افراد اگر ہو سکے تو اپنا نام ضرور تبدیل کر لیں،ان کے حق میں بہتر ہے۔

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

مشتری زائچے میں بیٹھا ہوا آپ کو ہر مقصد میں کامیابی ملنے کی نوید دے رہا ہے، آپ اللہ پاک کا نام لے کر جس مقصد کی جانب قدم اٹھائیں گے، کامیابی ملتی چلی جائے گی اور جو لوگ کسی بھی مشکل میں گرفتار ہیں، وہ بھی اب اس سے نکل جائیں گے۔ یہ ہفتہ مالی معاملات میں بھی بہتری، کاروباری حالات اچھے اور گھر میں جاری کشیدگی کو کم کرنے میں جہاں مدد گار ہو گا،وہاں بڑے انعام کی نشاندہی بھی کر رہا ہے۔ پرائز بانڈ خرید سکتے ہیں۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری 

آپ کو جب بھی موقع ملتا ہے، آپ اپنے دل کے گھوڑے کی لگام ڈھیلی چھوڑ دیتے ہیں، پھر وہ اپنی من مانیاں کرنے لگتا ہے،جو نہایت ہی خطرناک بات ہے،اب بھی ایسا ہی ہو رہا ہے، اللہ پاک آپ کو ہدایت دے، آپ اس طرح تو اپنا بڑا نقصان کر لیں گے، آگے آپ خود سمجھدار ہیں۔ یہ ہفتہ صرف اسی صورت میں فائدہ دے گا جب نیت صاف اور دل پاک ہو گا ،توبہ ہی مسائل کو کم کر سکتی ہے۔

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری 

ان اچھے دنوں سے فائدہ ملنا چاہئے، کامیابی آپ کے قدم چومے گی، لیکن اگر آپ اب بھی مایوسی کا شکار ہیں اور ہر کام میں رکاوٹ اور مشکلات کا سامنا ہے تو پھر استخارے سے مدد لیں،خاص طور پر اپنے دلی اور حقوق العباد والے تمام معاملات اچھی طرح چیک کریں، غلطی تو آپ سے ہوئی ہے اور جب تک اس کی اصلاح نہیں ہوتی، کوئی خاص توقع بھی نہ رکھیں،اپنی مشکلات کے خاتمے کے لئے اب خود فیصلہ کریں۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

مقدمے، انکوائری وغیرہ میں پھنسے ہوئے آزاد ہوں گے اور جیل میں بند افراد کی رہائی بھی ممکن دکھائی دیتی ہے۔ یہ ہفتہ خانگی معاملات میں بحکم اللہ بہتری لائے گا۔ ناراض لوگوں سے صلح کا امکان اور اہم رشتہ داری کی جانب بھی بہتری کا اشارہ دے رہا ہے۔ جادو ٹونے و دیگر اثرات کے زیر اثر افراد بھی اس سے نجات پا لیں گے، بیمار افراد بھی بیماری سے غیبی انداز میں نجات حاصل کر لیں گے۔ان شاءاللہ

مزید :

لائف سٹائل -مخفی علوم -