ملک میں تعلیم کا فروغ، بلاول بھٹو زرداری نے حیران کن دعویٰ کردیا 

 ملک میں تعلیم کا فروغ، بلاول بھٹو زرداری نے حیران کن دعویٰ کردیا 
 ملک میں تعلیم کا فروغ، بلاول بھٹو زرداری نے حیران کن دعویٰ کردیا 
سورس: File Photo

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے سب سے زیادہ تعداد میں اعلی تعلیمی ادارے اور کالجز بنانے کے ساتھ ساتھ ریکارڈ پرائمری اور غیر رسمی سکول قائم کیئے ہیں۔

 تعلیم کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تعلیم ان کی پارٹی کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے، کیونکہ یہ پارٹی اس بات میں یقین رکھتی ہے کہ مستقبل ہمارے بچوں اور نوجوانوں کا ہے اور تعلیم کے بغیر روشن مستقبل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا،پیپلز پارٹی کے ہر حکومتی دور میں تعلیم کی بجٹ میں اضافہ کیا گیا اور ملکی تاریخ میں ریکارڈ تعداد میں یونیورسٹیاں اور دیگر ٹیکنیکل تعلیمی ادارے قائم کئے گئے،پیشہ ورانہ اور ٹیکنیکل تعلیم بہتر مستقبل کی ضمانت ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ملکی بجٹ میں تعلیم کا حصہ بڑھانا ہوگا۔

 چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت میں تعلیم کی بجٹ کو جی ڈی پی کے 1.5 فیصد تک کم کردیا گیا ہے، جو انتھائی افسوسناک صورتحال ہے، آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد پیپلز پارٹی کی بننے والی حکومت تعلیمی بجٹ میں نمایاں اضافہ کرے گی، تعلیم کو فروغ دینے کے معاملے پر مصلحت کا شکار ہوکر یونیورسٹیوں اور ان سے منسلک اداروں کے بجٹ میں ناقابل برداشت کٹوتی کرنا قوم کو بہت بڑا نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اس طرح کا رویہ ان حالات میں انتہائی عوام دشمن ہے، جب ایک طرف پانچ سے 16 سال کی عمر کے تقریبا 25 ملین بچے سکولوں سے باہر ہیں، تو دوسری طرف ملک میں غریب اور مراعات یافتہ طبقے کے بچوں میں معیاری تعلیم تک رسائی میں بہت بڑا تفاوت موجود ہے،پیپلز پارٹی کے منشور میں شامل ہے کہ ہمیں روایتی نصاب اور تدریسی طریق کار سے آگے بڑھ کر ایک ایسے تعلیمی نظام کی طرف بڑھںا ہو گا، جو بچوں میں تخلیقی و تنقیدی نظر سے مسائل دیکھنے، انہیں حل کرنے اور فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو پروان چڑھائے۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعدپیپلز پارٹی کی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ آئین کے عین مطابق، ریاست تمام بچوں کو معیاری تعلیم تک یکساں رسائی فراہم کرنے کی اپنی ذمہ داری نبھائے،پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت تعلیم کی بجٹ میں ابتدائی طور جی ڈی پی کے تناسب سے تین فیصد اضافہ کرے گی اور زیادہ سے زیادہ یونیورسٹیاں، کالجز و دیگر ٹیکنیکل تعلیمی ادارے قائم کرنے کا اپنا ریکارڈ برقرار رکھے گی۔

مزید :

قومی -