سردار تنویر الیاس نے آزاد کشمیر کو ماڈل سٹیٹ بنانے کا اعلان کردیا

سردار تنویر الیاس نے آزاد کشمیر کو ماڈل سٹیٹ بنانے کا اعلان کردیا
سردار تنویر الیاس نے آزاد کشمیر کو ماڈل سٹیٹ بنانے کا اعلان کردیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) آزادکشمیر کے صدر و موسٹ سینئر وزیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ہم آزاد کشمیر کو ایک ایسی ماڈل سٹیٹ بنائیں گے جہاں کوئی بھی علاقہ کسی بنیادی سہولت سے محروم نہیں رہے گا،وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہمارے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے، ان کے اعلان کردہ ریاست مدینہ کے رہنما اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے آزاد خطہ کو فلاحی ریاست بنائیں گے  ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےمظفرآباد روانگی سےقبل یہاں اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پرمختلف عوامی وفود سےبات چیت کرتےہوئےکیا۔قبل ازیں  سردار تنویر الیاس خان سےانکی رہائشگاہ پرویلی سےممبر قانون ساز اسمبلی جاوید بٹ نےملاقات کی ۔ملاقات میں  باہمی دلچسپی کے  امور سمیت تحریک انصاف آزاد کشمیر کو مزید مظبوط اور منظم کر نے پر اتفاق کیا گیا ۔

سردار تنویر الیا س خان نے کہا کہ نئے پاکستان میں عمران خان قائداعظم کے سپاہی ہیں،عمران خان ملک کواستحکام پاکستان کی طرف لے جارہے ہیں،عمران خان جس مشن پر چل رہے ہیں اس میں ان کاکوئی ذاتی اور سیاسی ایجنڈانہیں ہے،وہ پاکستان کے روشن مستقبل اور ہماری آنے والی نسلوں کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں،ہم  عمران خان کے ویژن کے ساتھ ہیں،الیکشن میں عوام سے کئے وعدے پورے کریں گے، پی ٹی آئی اس وقت آزاد کشمیرکے ہر حلقے میں عوامی مقبولیت حاصل کر چکی ہےجسے  آزادکشمیر میں مضبوط قوت بنائیں گے،عوام کو بہترتعلیمی،طبی اورزندگی کی دیگر سہولتیں فراہم کرناحکومت کااولین فرض ہے،انشا اللہ اب آزادکشمیر کاکوئی بھی علاقہ کسی بنیادی سہولت سےمحروم نہیں رہےگا،عام انتخابات میں عوام سےجو وعدے کئےتھےوہ پوری ایمانداری کے ساتھ نبھائیں گے۔

انہوں نے  کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں کرپشن اور اقربا پروری کو ختم کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے،بہت جلد آزادخطے کےعوام اس ضمن میں بہت مثبت تبدیلی دیکھیں گے، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی تکمیل اور نئے پاکستان کے قیام کی تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی،پانچ سال بعد لوگوں کو بدلا ہوا آزاد کشمیر ملے گا۔

سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کی تحریک کا ہر اول دستہ بن کر میدان عمل  میں ہیں، حکومتی اراکین سمیت پی ٹی آئی کا ہر عہدیدار  و کارکن قومی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہے ، جس کی منزل ایک روشن،خوشحال اور مضبوط خوددار آزادکشمیر کا قیام ہے، آزادخطہ ترقی اور خوشحالی کے نئے سفر پر گامزن ہوگا، کرپشن نے اداروں کی جڑوں کوکھوکھلا کر کے رکھ چھوڑا ہے یہ ختم ہوجائے تو بہت سے مسائل سے خود بخود نجات مل جائے گی،عوام ہماری حکومت پر اعتماد رکھیں، انشا اللہ جلد آزادکشمیر کو تمام مسائل سے نکالیں گے۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -