امریکہ نے دھماکہ خیز مواد سے بھرا "ایرانی جہاز" پکڑ لیا، لیکن یہ مواد کہاں لے جایا جا رہا تھا؟
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایران کا ایک ایسا جہاز پکڑا ہے جس پر 40 ٹن فرٹیلائزر لدی ہوئی تھی جو دھماکہ خیز مواد بنانے میں استعمال ہوسکتی ہے۔ یہ جہاز خلیج عما ن میں اس روٹ سے پکڑا گیا ہے جس پر اس سے پہلے بھی یمن میں حوثی باغیوں کو اسلحہ سمگل کیا جاتا رہا ہے۔جس جہاز کو اب پکڑا گیا ہے اسے گزشتہ برس بھی ہزاروں ہتھیار یمن لے جاتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔
امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ اس جہاز پر کسی ملک کا پرچم موجود نہیں تھا تاہم یہ ایران سے آیا ہے۔ امریکی بحریہ جہازوں نے اس کا راستہ روک کر تلاشی لی تو اس میں 36 ہزار 300 کلوگرام یوریا فرٹیلائزر موجود تھی۔ یہ ایک ایسا کیمیکل ہے جو بنیادی طور پر زرعی مقاصد کیلئے استعمال ہوتا ہے تاہم اس کے ذریعے بم بھی بنائے جاسکتے ہیں۔
امریکی بحریہ نے بتایا کہ اسی جہاز کو گزشتہ برس فروری میں بھی پکڑا گیا تھا۔ اس وقت اس میں ہزاروں اے کے 47 رائفلیں، راکٹ لانچر اور دیگر ہتھیار لدے ہوئے تھے۔