گلوکارہ صومیہ خان کے میوزک البم کی لانچنگ تقریب
لاہور (فلم رپورٹر) گلوکارہ صومیہ خان کے میوزک البم کی لانچنگ تقریب مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد ہوئی جس میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔تقریب میں فلم ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمن قمر، اداکارہ خوشبو، گلوکارہ میگھا،کے ایس کاظمی،گلوکار واجد علی بغدادی،ثقلین،کاشف،ہنی شہزادی،نوید بخاری سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ گلوکارہ صومیہ خان کے البم کے پانچ گانوں اور قوالی "خواجہ جی مہاراجہ جی " کی ویڈیوز کو ریلیز کیا گیا۔ان ویڈیوز میں اداکارہ خوشبو اور دیدار نے ماڈلنگ کی ہے اس موقع پر گلوکارہ صومیہ خان نے کہا کہ البم میں عوام کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے بھنگڑا، فوک، خوشی اور غمی کے گیتوں سمیت قوالی اور دھمال بھی شامل کی گئی ہے۔امید ہے اسے پذیرائی ملے گی۔ تقریب میں شریک دیگر شخصیات نے کہا کہ پاکستانی میوزک عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہا ہے صومیہ خان نے اپنے البم پر بہت محنت کی ہے امید ہے یہ عوام میں مقبول ہو گا۔ تقریب میں گلوکارہ ناصر بیراج،میگھا،نائرہ ڈھول پلیئر،اللہ رکھا پیپسی اور حیدر بادشاہ نے بھی پرفارم کیا۔ آخر میں حاضرین کی فرمائش پر گلوکارہ صومیہ خان نے اپنی البم کے گیت گائے اور داد وصول کی۔ کمپئرنگ کے فرائض عباس رائے نے انجام دئیے۔ یہ نئے سال کی پہلی ویڈیو لانچنگ تقریب تھی۔