ڈیمڈر ینٹل انکم ٹیکس واپس لیا جائے، راولپنڈی چیمبر
اسلام آباد (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے تعمیراتی شعبے کی ترقی کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا اور کہاہے کہ ریونیو میں اضافے کے لیے ڈیمڈ رینٹل انکم ٹیکس واپس لیا جائے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ثاقب رفیق نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ معیشت کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ کاروبار آسان کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں، کنسٹرکشن سیکٹر کے ساتھ ستر سے زائد الائیڈ انڈسٹریز وابستہ ہیں، لاکھوں لوگوں کا روزگار اس سیکٹر سے جڑا ہوا ہے، ڈیمڈ رینٹل انکم ٹیکس لگنے سے حکومت کو نا صرف ریونیو میں خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا بلکہ دوسری طرف معاشی سرگرمیاں بھی جمود کا شکار ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے پلیٹ فارم سے ان سفارشات کو سٹیک ہولڈرز تک پہنچایا جائے گا، گروپ لیڈر آر سی سی آئی سہیل الطاف نے کہا کہ ڈیمڈ رینٹل انکم ٹیکس فوری واپس لیا جائے، سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلہ سازی کی جائے، تعمیراتی شعبہ ٹیکسوں کی بھرمار سے شدید متاثر ہوا ہے، ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے تعمیراتی شعبہ اہمیت کا حامل ہے، اس پر توجہ دی جائے۔