کھیلوں کی ترقی کیلئے عملی اقدامات ضروری ہیں، فیصل فیاض

کھیلوں کی ترقی کیلئے عملی اقدامات ضروری ہیں، فیصل فیاض

  

 اسلام آباد (این این آئی)انٹرنیشنل سپورٹس پرموشن سوسائٹی کے سربراہ فیصل فیاض نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ  شہری علاقوں کی طرح دیہی علاقوں میں بھی کھیلوں کے مقابلے منعقد کروانے کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھیلوں کی ترقی کے لئے بھر پور اقدامات کرسکتے ہیں لیکن اس تعلیمی اداروں میں بھی کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنائے تاکہ ملک میں کھیلیں ترقی کر سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں فیصل فیاض نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے دنیا پر مختلف کھیلوں کے میدانوں میں حکمرانی کر رکھی تھی جن میں سکواش، ہاکی، کرکٹ، سنوکر اور کبڈی کے کھیل شامل تھے۔ آہستہ آہستہ یہ اعزازات ہمارے ہاتھ سے نکلتے گئے اس کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ کھلاڑیوں نے محنت کرنا چھوڑ دی بلکہ سفارشی اور پرچی کلچر پر انحصار کرنا شروع کر دیا جس سے ملک میں کھیلوں کا معیار گرنا شروع ہو گیا۔  کھلاڑیوں کی سلیکشن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں  انہوں نے کہا کہ سپورٹس تنظیموں کے عہدیدار کھلاڑیوں کی سلیکشن میرٹ کی بنیاد پر کریں تو دنیا میں کھیلوں میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -