ڈی جی حج مکہ اور ڈائریکٹر  کیلئے امید وار وں کے انٹر ویو آج ہوں گے 

ڈی جی حج مکہ اور ڈائریکٹر  کیلئے امید وار وں کے انٹر ویو آج ہوں گے 

  

      لاہور (میاں اشفاق انجم) ڈی جی حج مکہ مکرمہ اور ڈائریکٹر حج مکہ کے لئے امیدواروں کے انٹرویو آج اسلام آباد میں ہوں گے، ڈی جی کے لئے پانچ اور ڈائریکٹر کے چھ امیدواروں نے تحریری امتحان پاس کیا ہے۔ ڈی جی کے لئے دوسری دفعہ امتحان ہوا ہے پہلی دفعہ تحریری امتحان میں آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس کی صائمہ صباء اور امجد خان پاس ہوئے، ڈی ایم جی گروپ کی طرف سے مخالفت سامنے آنے کے بعد ڈی جی کے لئے دوبارہ تحریری امتحان لیا گیا۔دلچسپ بات سامنے آئی ہے کہ صائمہ صباء نامی آفیسر نے تحریری امتحان نہ صرف پاس کیا بلکہ سب سے زیادہ نمبرز بھی حاصل کے ہیں۔ ڈی جی کے لئے صائمہ صباء، حسن مسعود، عبدالوہاب سومرو،ندیم احمد آبڑو، نذر محمد انٹرویو میں شریک ہوں گے۔ ڈائریکٹر کے لئے ناصر عزیز خان، الف جان، طارق محبوب، سمیع اللہ، فہیم خان آفریدی انٹرویو دیں گے، ڈائریکٹر کے لئے ایوانِ صدر میں ذمہ داری ادا کرنے والے ناصر عزیز خان واحد آفیسر ہیں جو وزارت مذہبی امور میں تاریخ ساز خدمات کا لوہا منوا چکے ہیں۔ میٹرک سے ایم اے تک گولڈ میڈلسٹ ہیں، سفارش اور ڈی ایم جی گروپ کا دباؤ نہ آیا تو ناصر عزیز خان ڈائریکٹر کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔ ڈی جی کے لئے دوسری دفعہ تحریری امتحان میں نمایاں پوزیشن لینے والی صائمہ صباء کو خاتون ہونے کی وجہ سے نظر انداز نہ کیا گیا تو وہ مضبوط امیدوار ہیں۔وفاقی وزیر مذہبی امور کی زیر صدارت وفاقی سیکرٹری، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، سیکرٹری فارن آفیئر، ایڈیشنل سیکرٹری وزیراعظم ہاؤس پر مشتمل بورڈ انٹرویو لے گا۔ ڈی جی کے لئے صبح11بجے جبکہ ڈائریکٹر کے لئے دو بجے انٹرویو ہوں گے۔ یاد رہے ڈی جی حج اور ڈائریکٹر مکہ کے لئے ابرار مرزا اور ساجد منظور اسعدی یکم نومبر2022ء کو اپنی فارن سروس مکمل کر چکے ہیں۔ تحریری امتحان اور انٹرویو کا پراسس مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ڈائریکٹر ساجد منظور اسعدی کو چھ ماہ کے لئے ڈائریکٹر اور ڈی جی کا قائم مقام چارج دیا گیا ہے۔آج انٹرویو کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اگلے ایک ماہ میں ڈی جی اور ڈائریکٹر کی تعیناتی متوقع ہے، ڈی جی کے لئے پہلے اور دوسرے امتحان میں نمایاں نمبر لینے والی خاتون صائمہ صباء نے پہلا امتحان کا رزلٹ معطل کئے جانے کے خلاف عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔ ڈی جی نے حج آپریشن کنٹرول کرنا ہوتا ہے تاثر دیا جا رہا ہے عورت بڑا کام نہیں کر سکتی۔ وزارت کے اس جواز کے خلاف عدالت میں کیس زیر سماعت ہے۔

 ڈی جی حج مکہ

مزید :

صفحہ آخر -