پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ذمہ داری، ملک کو بہتری کی طرف لے جا رہے ہیں: رانا تنویر

  پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ذمہ داری، ملک کو بہتری کی طرف لے جا رہے ہیں: ...

  

     مریدکے /نارنگ منڈی (این این آئی)وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملکی صورتحال کی ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ ہے اور عدلیہ نے بھی اس میں اپنا خوب حصہ ڈالا ہے پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ہماری ذمہ داری ہے اورملک کو بہتری کی طرف لے جارہے ہیں ان خیالات کا اظہار سٹی پریس کلب مریدکے کے نومنتخب چیئرمین اے حمیدجہلمی،صدر رانا جعفر،جنرل سیکرٹری قمر منیر اور دیگر عہدیداروں کی حلف برداری تقریب سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے لوگوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے رانا تنویر حسین نے کہا کہ عدلیہ نے مصلحت کے تحت ایسے فیصلے بھی کئے جو قانون اور آئین سے ہٹ کر تھے،ایک منتخب وزیر اعظم کو غیر آئینی طریقے سے حکومت سے نکالا گیا اسٹیبلشمنٹ نے بھی آئین سے ہٹ کر کام کئے اورآئین سے بڑھ کر دخل اندازی کی انہوں نے ایک نجی ٹی وی کے ڈائریکٹر نیوز اور دیگر صحافیوں کیخلاف درج سنگین مقدمات اور ارشد شریف شہید کے قاتلوں کی گرفتاری نہ ہونے پر کہا کہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور ایسے قوانین لے کر آئے ہیں کہ صحافت مزید آزاد ہو۔انہوں نے کہا عمران خان اب بھی ملک کو غیر مستحکم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،مگر یہ جان لے پاکستان ڈیفالٹ نہیں ہوگا،ہم نے پاکستان کو نہ صرف ڈیفالٹ سے بچا لیا ہے بلکہ آنے والے دنوں میں ملک کی معیشت مستحکم ہوجائے گی۔،پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں کلین سویپ کریں گے  پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اگر دیگر اتحادی جماعتوں نے حصہ لیا تو باہم مشاورت سے ہوگا۔آج جو مہنگائی بے روزگاری معیشت کا برا حال ہے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ کو جو نقصان ہے اس کا عمران خان ذمہ دار ہے،حکومت نے ملکی مفاد میں عمران سمیت سب جماعتوں کو دعوت دی آئیں اورمل کر پاکستان کی خوشحالی کیلئے کام کریں مگر عمران خان نے پاکستان اور عوام کا نقصان کیا۔

رانا تنویر حسین 

مزید :

صفحہ آخر -